نئی دہلی، 13/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن کے پیش نظر عام آدمی پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی جمعہ سے دارالحکومت کے تمام بازاروں کا دورہ کریں گے اور لوگوں کے ساتھ اس بات پر بحث کریں گے کہ آخر نوٹ بند ی سے کتنی بلیک منی باہر آئی ہے۔پنجاب اور گوا اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے بعد پارٹی کی منصوبہ بندی اپنی مکمل توجہ اور دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں لگانے کی ہے۔یہاں پریس کانفرنس میں دہلی میں پارٹی کے کوآرڈی نیٹر دلیپ پانڈے نے دعوی کیا کہ مغربی اتر پردیش کی سیٹوں پر ووٹنگ ہونے کے بعد کیش کے مسائل واپس لوٹ آئے ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ نوٹ بند ی کا بھوت لوگوں کو پریشان کرنے کے لیے لوٹ آیا ہے، کیش کی دقت کامسئلہ واپس لوٹ آیا ہے اور اے ٹی ایم خالی پڑے ہیں، مودی جی نے پارلیمنٹ اور ملک کو گمراہ کیا ہے۔پانڈے نے کہاکہ نوٹ بند ی کو 100دن سے زیادہ ہو گئے ہیں اور اس نے 100سے زیادہ لوگوں کی جان لے لی ہے، لیکن ہمارا سوال یہ ہے کہ کتنی بلیک منی باہر آئی ہے؟انہوں نے کہا کہ آپ ممبر اسمبلی تاجروں اور عوام کے سامنے اس ایشو کو اٹھائیں گے۔انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اتر پردیش میں بی جے پی نوٹ بند ی کواپنی کامیابی کے طور پر پیش کر کے ووٹ کیوں نہیں مانگ رہی ہے؟۔